ممبئی (نیو زڈیسک ) بھارت کی ریاست بہار کے رکن اسمبلی اور بی جے پی کے رہنما جبیش کمار کو ایوان سے باہر پھینک دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی اسمبلی میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار رام نوامی کی تقریبات کے بعد بہار کے علاقوں میں ہونے والے مسلمان مخالف پر تشدد واقعات پر بحث کے دوران جبیش کمار کو اہلکاروں نے پکڑ کر اسمبلی سے باہر نکال دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کے رکن اسمبلی کو 4 اہلکاروں نے ہاتھ اور پاؤں سے پکڑ کر اسمبلی سے باہر نکالا اور اس دوران وہ کہتے رہے کہ اس طرح سے یہ لوگ اپوزیشن کے رہنماؤں کے ساتھ سلوک کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جبیش کمار کے خلاف کارروائی پر حکومت نے کہا کہ انہوں نے اسپیکر کی توہین کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بہار کے وزیر زراعت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اپوزیشن کے کچھ رہنماؤں نے اسپیکر کی توہین کی اور انہیں بے شرم کہا جو کہ اسمبلی کی سب سے بڑی توہین ہے۔
رپورٹس کے مطابق بی جے پی نے حکمران اتحادی جماعتوں پر علاقے میں ہونے والے پرتشدد واقعات کو روکنے میں ناکامی کا الزام لگایا جبکہ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ان واقعات میں بی جے پی اور آر ایس ایس ملوث ہے۔
واضح رہے کہ 30 مارچ کو بھارت کے مختلف شہروں میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار کے موقع پر مساجد پر حملے کیے گئے تھے۔
رام نوامی جلوس کے شرکاء نے مساجد کو آگ لگائی، مسلمانوں کے کاروبار، گھروں، گاڑیوں اور قبرستانوں تک کو آگ لگائی گئی تھی۔