چھتیس گڑھ (نیوز ڈیسک ) بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ کے گھر میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے پولیس نے حیران کن انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس تفتیش کے دوران ہوم تھیٹر میں چھیڑ چھاڑ کر کے اس میں دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے سابق عاشق نے ہوم تھیٹر سسٹم میں دھماکا خیز مواد نصب کر کے اس دلہن کو بطور شادی کا تحفہ بھیجا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ 22 سالہ دولہا نے جیسے ہی ہوم تھیٹر کو چلانے کے لیے اس کے کنکشن کو الیکٹرک تار سے جوڑ کر آن کیا تو وہ دھماکے سے پھٹ گیا جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ اس کا بھائی دوران علاج ہلاک ہوا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے کی شدت سے کمرے کی چھت اور دیواریں گر گئی تھیں۔ پولیس کے مطابق تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ کسی نے ہوم تھیٹر سسٹم میں بم نصب کیا تھا، جس کے بعد شادی میں ملنے والے تحائف کی چھان بین کی گئی تو پتا چلا کہ یہ ہوم تھیٹر سسٹم لڑکی کے سابق عاشق نے تحفے میں دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت سرجو کے نام سے ہوئی جسے بعد میں گرفتار کرلیا گیا اور اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم نے کہا کہ وہ اپنی محبوبہ کے شادی کرنے پر غصے میں تھا جس پر اس نے ہوم تھیٹر سسٹم میں بم رکھ کر اسے تحفے میں دے دیا۔ پولیس کے مطابق مرنے والے شخص کی شادی یکم اپریل کو ہوئی تھی۔ واضح رہےکہ پیر کو شادی کے تحفے کے طور پر ملا ہوم تھیٹر پہلی ہی دفعہ چلانے پر دھماکے سے پھٹ گیا تھا جس سے نوبیاہتا دولہا اور اس کا بھائی ہلاک جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔