مقبوضہ بیت المقدس(نیوز ڈیسک)اسرائیلی فورسز نے دوسرے روز بھی مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا اورنمازیوں پرشیلنگ کی ، جس سے 8نمازی زخمی ہوگئے ،یہ حملہ سحری کے وقت کیاگیا،نمازیوں پر تشدد اور انہیں گھسیٹ کا باہر نکالاگیا۔
فورسز نے 40سال سے کم عمر فلسطینیوں کامسجد میں داخلہ بند کردیا،صبح ہوتے ہی مسجد کو یہودیوں کیلئے کھول دیاگیا،یہودی انتہا پسند سارا دن مسجد کے احاطے میں گھومتے رہے ،جس پر فلسطینیوں نے شدید احتجاج کیا۔نابلس اور مغربی کنارے میں بھی فورسز اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔غزہ سے بھی راکٹ حملوں کی اطلاعات ہیں۔ادھرلبنان سے حزب اللہ نے فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا،جس کے بعد لبنان سے اسرائیل پر 34راکٹ داغے گئے ،اس دوران شمالی اسرائیل کے قصبوں شلومی اور موشاو نامی میں وارننگ سائرن کی آوازیں سنی گئیں۔راکٹ حملو ں سے 2اسرائیلی زخمی ہوئے ،لبنان سے راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیاگیا۔اس معاملے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیاگیا۔اقوام متحدہ،امریکا اور چین نے فریقین سے صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے اور صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کیلئے مذاکرات کرنے کا مشورہ دیا۔