سرینگر13 اپریل (نیو زڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو سات دہائیوں سے درپیش کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو حل کیے بغیر دنیا میں دیرپا امن کا قیام ہرگز ممکن نہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ان دو دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے امت مسلمہ کو اقائدانہ کردار اور اہم ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم کشمیر اور یوم قدس کے طور پر منائیں اور اس عہد کی تجدید کریں کہ وہ جموںو کشمیر کی ہندوتوا اور فلسطین کو صہیونی دہشت گرد ریاستوں سے آزاد کرانے تک جدوجہد اور کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کشمیریوں سے کہا کہ وہ جمعتہ الوداع کے روز بھارت اور اسرائیل مخالف احتجاجی مظاہرے کریں اور ریلیاں نکالیں اور دونوں خطوں کی بیرونی قبضوں سے آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ غلا م احمد گلزار نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مظلوم فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں جن کی سرزمین صیہونی اور ہندوتوا غاصبوں نے فوجی طاقت کے ذریعے غصب کر رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کی استعماری اور ظالمانہ پالیسیوں میں کافی مماثلت ہے اور ان کا گٹھ جوڑ دنیا کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ یہ دونوں نسل پرست ریاستیں کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے مسلمانوں کی منظم نسل کشی کر رہی ہیں۔ وہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو سزا دینے اور ڈرانے دھمکانے کے لیے وحشیانہ تشدد، معاشی استحصال اور مسلمانوں کی ملکیتی املاک کی تباہی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا اور صیہونی ریاستوں نے مسلمانوں کے خلاف جنگ کا اعلان کر رکھا ہے اور وہ مسلمانوں کو مٹانے کے لیے وحشیانہ فوجی طاقت کا استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نازک صورتحال مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا تقاضا کرتی ہے کیونکہ انہیں اپنے وجود کو خطرہ لاحق ہے۔
غلام احمد گلزار نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور کشمیر اور فلسطین کو ہندوتوا اور صیہونی استعمار کے ناپاک تسلط سے آزاد کرانے کے لیے مشترکہ جدوجہد شروع کریں۔ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیا کہ وہ کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کراتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کے مسائل حل اور اپنی ساکھ بحال کرے۔
عالمی امن مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل سے وابستہ ہے، غلام احمد گلزار
مناظر: 247 | 13 Apr 2023