ممبئی(نیوز ڈیسک )سعودی شہر جدہ سے بھارت پہنچنے والے سعودی بوئنگ طیارے کو کولکتہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تاہم فضا میں کئی چکر کاٹنے کے بعد طیارہ باحفاظت لینڈ کرگیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز ایس وی 972 کے طور پر سعودی کارگو طیارے نے 15 اپریل کی صبح مقامی وقت کے مطابق 3 بجکر 40 منٹ پر جدہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بھارت کے کولکتہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کیلئے ٹیک آف کیا۔
لگ بھگ 5061 کلومیٹر کا فاصلہ ساڑھے 5 گھنٹے میں طے کرکے بوئنگ 777 طیارہ کولکتہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترنے والا تھا کہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 11 بجکر 37 منٹ پر طیارے سے ریڈار کو ہنگامی صورتحال کے سگنل موصول ہوئے، پرواز اس وقت 700 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 23550 فٹ کی بلندی پر تھی۔
ائیر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے کو فضا میں ہولڈ کرلیا گیا اور پائلٹ نے 20 منٹ تک طیارے کو فضا میں چکر لگوائے۔
بعد ازاں طیارہ ہفتہ کی دوپہر 12 بجکر 2 منٹ پر کولکتہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر باحفاظت لینڈ کر گیا۔