حیدرآباد (نیوز ڈیسک ) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ مسلم رہنما اور سابق رکن اسمبلی عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف کو پولیس حراست میں قتل کرنے والے تین افراد ایک دہشت گرد تنظیم کا حصہ ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسد الدین اویسی نے حیدر آباد میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حملہ آوروں کو دہشت گرد اور مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کی ناجائز اولاد قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اور بھی بہت سے لوگ ہوسکتے ہیں اور وہ مزید قتل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب دونوں بھائیوں کو قتل کیا جا رہا تھا کہ وہاں موجود پولیس والوں میں سے کسی نے بھی اپنے ہتھیار نہیں نکالے اور حملہ آور اپنے کام میں کامیاب ہوئے۔
اسد الدین اویسی نے نرودا گام قتل عام کیس جس میں 2002 کے گجرات فسادات کے دوران 11 مسلمان مارے گئے تھے کے تمام 68 ملزموں کے بری ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے تمام قاتلوں کو بری کیا جا رہا ہے اور انصاف کا گلا گونٹھا جا رہا ہے۔