راولپنڈی (نیوز ڈیسک ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اگر ضرورت پڑی تو ہم جنگ کو دشمن کی حدود تک لے جائیں گے، بھارت نے کسی غلطی فہم میں مہم جوئی کا سوچا تو عوام کے تعاون کے ساتھ افواج پاکستان اسے بھرپور جواب دے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ رواں سال اب تک 56 مرتبہ بھارت نے سیز فائر کی خلاف ورزیاں کیں، پاکستان نے بھارت کے 6 کواڈ کاپٹرز کو مار گرایا، پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے مبصرمشن کا خیر مقدم کیا، بھارت کی طرف سے فضائی حدود کی 3 خلاف ورزیاں ہوئیں، اقوام متحدہ مبصر مشن کے 16 دورے کرائے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ بھارتی گیدڑ بھبھکیوں سے نہیں ڈرتے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، بھارت کے جارحانہ عزائم، بے بنیاد الزامات، دعوے تاریخ کے اوراق کو نہیں بدل سکتے، کشمیر کی متنازع حیثیت کو نہیں بدل سکتے، کشمیر نا کبھی بھارت کا اٹوٹ انگ رہا نہ کبھی رہے گا، آرمی چیف نے پہلا دورہ لائن آف کنٹرول کا کیا تھا۔
میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ افواج پاکستان چپے چپے کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،اگر کسی غلط فہمی میں بھارت کوئی مہم جوئی کا سوچتا ہے تو افواج پاکستان بھرپور جواب دے گی کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، افواج پاکستان نے دو دہائیوں سے طویل دہشت گردی کیخلاف قربانیوں سے بھرپور جنگ لڑی ہے، سابق بھارتی گورنر ستیا پال کا بیان سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا بھارت کا فی فوجی ہم سے خرچہ کئی دہائیوں سے بہت زیادہ ہے، پاکستانی فوج کا ایک ایک سپاہی شہادت کو آگے بڑھ کر گلے لگاتا ہے، پلوامہ سے متعلق بھارت کے سابق آرمی چیف ثبوت دے رہے ہیں، بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ڈس انفارمیشن کمپین چلاتا رہتا ہے، ای یو لیب میں جعلی خبریں چلائی جاتی ہیں، فالس فلیگ آپریشن کا جعلی پروپیگنڈا بھارت کا شیوہ رہا ہے۔