راولپنڈی (نیوز ڈیسک ) سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع خیبر کےعلاقے وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو سکیورٹی اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، شہید ہونے والوں میں 26 سالہ وقاص شاہ اور 24 سالہ باسط علی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ،جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقہ میں دہشت گردوں کے خاتمے اور تلاشی کا آپریشن جاری رہے گا ، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے ، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں ۔