جموں (نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک خصوصی عدالت نے ضلع کشتواڑمیں 23نوجوانوں کے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کر دیے۔
جن لوگوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے گئے ہیں ان میں منظور احمد، غلام محمد گجر، نذیر احمد شیخ، شبیر احمد، محمد اقبال ریشی، عبدالرشید، محمد امین بٹ، دین نائیک، غلام رسول شیخ، ارسوگ الدین،، گلزار احمد، شبیر احمد بیگ، امتیازاحمد، بشیر احمد،محمد شفیع، غلام نبی وانی، عبدالکریم، گلابو گجر، فاروق احمد گنائی، محمد حنیف شیخ، مشتاق احمد وانی، محمد عرفان کھانڈے اور محمد رفیق کھانڈے شامل ہیں۔ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پسوال نے بتایا کہ کشتواڑ پولیس کے چیف انویسٹی گیشن آفیسر ڈی ایس پی ،پی سی وشال شرما نے وادی چناب میں بھارت مخالف اور آزادی پسند سرگرمیوں میں مذکورہ بالا افرادکی شمولیت پران کے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرانے کے لئے این آئی اے کی خصوصی عدالت سے رجوع کیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ یہ جموں وکشمیر پربھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت اورحکومت کے خلاف جنگ چھیڑنے کے لئے لوگوں کو اکسانے میں ملوث ہیں۔