اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) برطانوی فوجی افسران نے پاکستان آرمی کو دنیا کی بہترین اور سب سے زیادہ ڈسپلن فوجی تنظیم قرار دے دیا ہے۔ موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ساٹھ کے قریب برطانوی سینئر فوجی افسران جنہوں نے پچاس برسوں میں پاک فوج کے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں تعلیم حاصل کی اور وہاں خدمات انجام دیں نے تقریب کے بعد ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس گروپ کو کوئٹہ ایسوسی ایشن ویٹرنز کہا جاتا ہے، جس میں کوئٹہ کے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج سے تعلیم مکمل کرنے والے برطانویوں سمیت پاک آرمی کے ویٹرنز شامل ہیں، اس تقریب میں قابل ذکر برطانوی فوجی افسر شریک ہوئے۔ تقریب میں برطانوی ویٹرن فوجی افسران نے کہاکہ پاک فوج کے پیشہ ورانہ معیار، مہارت اور فٹنس کا کوئی تقابل نہیں ہے، پاک فوج اپنے ملک کا میدان جنگ میں دفاع کا ہنر خوب جانتی ہے اور دیگر ممالک کو بھی وہ اس حوالے سے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ افسران نے کہاکہ پاک آرمی اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر خدمات انجام دیتی ہے اور مشکل میں ہمیشہ توقعات پر پورا اترتی ہے۔