سرینگریکم مئی(نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے اورصرف گزشتہ چار ماہ کے دوران بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں تین نوجوانوں سمیت 21کشمیریوں کو شہید کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بھارتی پولیس اور پیراملٹری فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کم از کم 50 شہری زخمی ہو گئے۔اس دوران بھارتی فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، نئی دہلی کے زیر کنٹرول تحقیقاتی ادارے این آئی اے اور ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے حریت رہنما بلال احمد صدیقی ، متعددسیاسی کارکنوں، نوجوانوں، طلباءاور صحافی عرفان معراج سمیت 400سے زائد شہریوں کو گرفتار کیا۔ ان میں سے متعدد افراد کے خلاف غیر قانونی سرگرمیو ں کی روک تھام کے قانون اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔بھارتی فوج کے اہلکاروں نے اس عرصے میں محاصرے اور تلاشی کی 860 کارروائیاں کیں ۔ دریں اثناءفوجیوں نے گزشتہ ماہ اپریل میں تین کشمیریوں کو شہید اور کم از کم 94 کو گرفتار کیا ۔ بھارتی فوج کے قتل وغارت کا مقصد کشمیریوں کو خوفزدہ کرنا ہے لیکن ان مظالم سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو مزید تقویت ملتی ہے۔
دریں اثناءچار ہزار سے زائد حریت رہنماؤں، کارکنوں، نوجوانوں، طلبائ، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو مسلسل بھارت اورمقبوضہ جموں وکشمیر کی مختلف جیلوں میں نظربند رکھا گیاہے جن میںحریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، محمد ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال اور فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، مولوی بشیر احمد، بلال صدیقی، امیر حمزہ، مشتاق الاسلام، عبدالصمد انقلابی، فیاض احمد، ڈاکٹر حمید فیاض، عبدالرشید داؤدی، مشتاق احمد ویری، عبدالمجید ڈار المدنی ، محمد شریف سرتاج، نور محمد فیاض، محمد یوسف فلاحی، فیاض احمد، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ، سید شاہد یوسف، سید شکیل یوسف، محمد یوسف میر، محمد رفیق گنائی، حیات احمد بٹ، ایڈووکیٹ زاہد علی، ظفر اکبر بٹ،انجینئر رشید اور دو درجن کے قریب کشمیری خواتین کے علاوہ انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز، محمد احسن اونتو، صحافی آصف سلطان، عرفان مجید اور فہد شاہ شامل ہیں ۔اس کے علاوہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق اگست 2019سے سرینگر میں اپنے گھرمیںمسلسل نظربند ہیں۔ ان نظربندوں کوبدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔
بھارتی فوج کی بربریت ، گزشتہ چار ماہ میں 21کشمیریوں کو شہید کر دیا
مناظر: 873 | 1 May 2023