رینگر6 مئی (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سری نگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن میں گروپ 20 ملکوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر میں ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے دیواروں ، ستوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں گروپ 20 ملکوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس بات کا ادراک کریں کہ بھارت نے جان بوجھ کر متنازعہ خطے میں اجلاس رکھا ہے جسکا واحد مقصد کشمیر مخالف منصوبوں ، اقدامات کو چھپانا اور عالمی برادری کو یہ تاثر دینا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔
پوسٹروں میں کہاگیا کہ گروپ 20ملکوں کو یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رکا ہے لہذا انہیں سرینگر میںمنعقدہ ہونے والے اجلاس میں شرکت کے بجائے بھارت پر زور دیا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوںکے مطابق انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے۔پوسٹروں میں سعودی عرب اور ترکی سے خاص طورپر اپیل کی گئی کہ وہ سرینگر میں اجلاس کا مکمل بائیکاٹ کریں۔پوسٹر وں کے ذریعے اقوام متحدہ سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ جموں وکشمیر کے بارے میں اپنی پاس کردہ قراردادوں کی پاسداری کرے اور ان پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
یہ پوسٹر فیس بک اور ٹوئٹر سمیت سماجی رابطوں کی دیگر سائٹوں پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔