جموں10مئی(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کشمیری عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وقار رسول وانی نے جموں میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کچھ بھی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے مختلف قسم کے بھاری ٹیکس عائد کرنے پر جس سے علاقے میں عام آدمی کی کمر ٹوٹ رہی ہے،مودی حکومت پرتنقید کی ۔ انہوں نے موجودہ انتظامیہ کی نوجوان دشمن پالیسیوں اور پانی، بجلی اور ضروری شہری سہولیات کے مسائل اور تمام ضروری اشیا کی قیمتوں میں کئی گنا اضافے کا حوالہ دیا۔مقبوضہ علاقے میں کانگریس کے ورکنگ صدر رمن بھلہ نے جموں میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگوکرتے ہوئے قیمتوں میں بے پناہ اضافے ،ریکارڈ بے روزگاری اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی شکایات کے ازالے میں ناکامی پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔دریں اثناء کانگریس رہنماجی اے میر نے کہاہے کہ کشمیریوںکے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے اور بی جے پی حکومت کے بلند و بانگ دعوے حقیقت کے بالکل برعکس ہیں۔
بی جے پی نے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن کر دی ہیں : کانگریس کی مودی سرکار پر کڑی تنقید
مناظر: 369 | 10 May 2023