جموں (نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای )کے یومیہ اجرت پر کام کر نے والے ملازمین نے جموں شہر کے بی سی روڈ کمپلیکس پر چیف انجینئر پی ایچ ای کے دفتر کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وہ اپنی تقریباً 70 ماہ کی زیر التواءاجرت جاری کرنے اور اپنی خدمات کو باقاعدہ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کی ہڑتال اور احتجاجی دھرنا آج مسلسل 322ویں دن بھی چیف انجینئرکے دفتر کے باہر جاری ہے۔
یہ ملازمین گزشتہ برس22 جون سے ہڑتال پر ہیں۔ محکمے کے اعلیٰ حکام کے ساتھ مذاکرات کے کئی ادوار اوریقین دہانیوں کے باوجود ان کے مسائل حل نہیں ہوسکے۔
جموں ضلع کے مختلف ڈویڑنوں اور سب ڈویڑنوں کے پی ایچ ای کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے پی ایچ ای یونائیٹڈ فرنٹ کے بینر تلے بی سی روڈ پر واقع چیف انجینئر پی ایچ ای جموں کے دفتر کے باہر جمع ہو کر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں اور قابض انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔
ملازمین کے نمائندوں روی ہنس، نودیپ سنگھ، ہوشیار سنگھ، راجندر سنگھ اور دیگر نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ جب تک انہیں انصاف نہیں مل جاتا وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔