سرینگر (نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی علاقے کے عوام کے جمہوری اور سیاسی حقوق کی بحالی کے لیے اپنی جنگ جاری رکھے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے ضلع شوپیاں میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ نیشنل کانفرنس جمہوری، آئینی حقوق اور لوگوں کی عزت و وقار کی جنگ پرامن طریقوں سے لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ طبقے پرامن جدوجہد کو برباد کرنے کی کوششوں میں شامل ہو گئے ہیں اور تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسا خود ساختہ گروپ تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو 2019کے غیر جمہوری اقدمات کو جائز قرار دے ۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ لوگ اس طرح کی مذموم کوششوںکو ناکام بنا دیں گے اور نیشنل کانفرنس بی جے پی اور اسکے خود ساختہ گروپ کو جموں و کشمیر کے اتحاد، تنوع اور انفرادیت کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ لوگ انتظامیہ کی پالیسیوں کی بھاری قیمت چکا رہے ہیں اور وہ بے روزگاری، پسماندگی اور انتظامی مسائل سے دوچار ہیں۔