بدھ‬‮   27   ‬‮نومبر‬‮   2024
 
 

سرینگرمیں گروپ 20 اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے ممالک کے شکرگزار ہیں:پاکستان

       
مناظر: 385 | 25 May 2023  

 

اسلام آباد25مئی (نیوزڈیسک)پاکستان نے سرینگر میں جی20 اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر چین، سعودی عرب، ترکیہ، مصر اور اومان کی شاندار الفاظ میں تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ممالک بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بالادستی کے لیے کھڑے ہوئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو ہفتہ وارپریس بریفنگ میں جی20ٹورازم ورکنگ گروپ کے اجلاس کی میزبانی کرنے کے بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، یہ تنازعہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے اس پس منظر میں بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور بین الاقوامی قانون کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے اپنے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں اس اجلاس کی میزبانی کی۔ترجمان نے کہا کہ جی20 اجلاس کا متنازع علاقے میں انعقاد بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غداری ہے،گزشتہ سات دہائیوں سے وہ اس انتظار میں ہیں کہ عالمی برادری ان کی حالت زار پر توجہ دے اور قبضے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی کو یرغمال بنا کر اور انہیں ان کے حقوق اور آزادی سے محروم کر کے سیاحت اور ترقی کو فروغ نہیں دیا جاسکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سرینگر میں جی20اجلاس کے انعقاد سے بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے اور کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی حقیقت کو نہیں چھپا سکتا۔انہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیر میں حالات معمول پر آنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تلخ حقیقت یہ ہے کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کرہ ارض پر سب سے زیادہ جمائو والے فوجی علاقوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر اجلاس کیلئے سخت سیکورٹی اقدامات، بڑے پیمانے پر گرفتاریاں اور مقامی آبادی کو ہراساں کرنا نوآبادیاتی علاقے میں معمول کے حالات کے دعووں کی تردید کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے کااپنا بیانیہ گھڑنے میں واضح طور پر ناکام رہا ہے، جیسا کہ سرینگر اجلاس میں انتہائی کم نمائندگی اور متعدد اہم مدعوئین کی غیر موجودگی سے ظاہر ہوتا ہے۔انہوں نے سرینگر اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر عوامی جمہوریہ چین، مملکت سعودی عرب، جمہوریہ ترکیہ، عرب جمہوریہ مصر اور سلطنت اومان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بالادستی کے لیے کھڑے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ جی20 کا قیام بنیادی طور پر عالمی مالیاتی اور اقتصادی مسائل سے نمٹنے کے لیے کیا گیا تھا، بھارت نے مقبوضہ علاقے میں اس اجلاس کا انعقاد کرکے ایک اور بین الاقوامی فورم پر سیاست کی ہے اور وہ اپنے مفاداتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے موجودہ چیئر کی حیثیت سے اپنی حیثیت کا ناجائزفائدہ اٹھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بجائے بھارت کو بین الاقوامی میڈیا اور آزاد انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال پر رپورٹ کرنے کیلئے بلا روک ٹوک رسائی فراہم کرنی چاہیے اور وہاں جاری جبر کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے کمیشن آف انکوائری کے قیام سے اتفاق کرنا چاہیے اور کشمیر کے لوگوں کے لیے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کرانا چاہیے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا خود تعین کر سکیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ22 مئی کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا، وہ آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرنے والے پاکستان کے پہلے وزیر خارجہ ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کی ہمت کو سلام پیش کیا اور شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کنٹرول لائن کے قریب رہنے والی آبادی سے مخلصانہ ہمدردی کا اظہار اور کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ وابستگی اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانیت دشمنی کی تفصیل
From Jan 1989 till 29 Feb 2024
Total Killings 96,290
Custodial killings 7,327
Civilian arrested 169,429
Structures Arsoned/Destroyed 110,510
Women Widowed 22,973
Children Orphaned 1,07,955
Women gang-raped / Molested 11,263

Feb 2024
Total Killings 0
Custodial killings 0
Civilian arrested 317
Structures Arsoned/Destroyed 0
Women Widowed 0
Children Orphaned 0
Women gang-raped / Molested 0