سرینگر27 مئی (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کیلئے بھارتی ریاستی دہشت گردی میں تیزی پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماؤںکو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے فوجیوں کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں بے گناہ لوگوں کو قتل ، گرفتار ، تشدد کا نشانہ بنانے اور معذور کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی حکومت حریت رہنماو¿ں کو حق خود ارادیت کے حصول کی حق پر مبنی جدوجہد سے دستبردار اکرانے کیلئے بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی تحیققاتی ایجنسی”نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی“(این آئی اے ) نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو سزائے موت دلانے کیلئے نئی دلی ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے جبکہ ایجنسی کی ایک عدالت نے انہیں گزشتہ برس 25مئی کو ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت بدترین جبر کے باوجود نظر بند رہنماؤں اور کارکنوں کے حوصلے توڑنے میں ناکام رہا ہے اور وہ حق پر مبنی اپنے موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔بیان میں اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق، یورپی یونین کے صدر، یورپی پارلیمنٹ کے صدر، یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین پر بھی زور دیا کہ وہ حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوںمیں غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموںوکشمیر شاخ کے رہنما، الطاف حسین وانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں محمد یاسین ملک کو سزائے موت دینے کے لیے بھارتی این آئی اے کی طرف سے نئی دلی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کیے جانے کے اقدام کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندو قوم پرست حکومت کی خواہشات پر کام کرنے والی نام نہاد ایجنسی کشمیری قیادت کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے جس نے بھارتی ڈکٹیشن کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔الطاف وانی نے کہا کہ یاسین ملک اور بھارتی جیلوں میں بند دیگر حریت رہنماؤں کو تنازعہ کشمیر کے حوالے سے انکے مضبوط موقف کی وجہ سے انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس حقیقت کا ادراک کرنے کی ضرورت ہے کہ بی جے پی اپنے فرقہ وارانہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور2024کے انتخابات میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے لیے کشمیری رہنماوں کو قربانی کے بکرے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔