سرینگر (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سڑک کے مختلف حادثات میں ایک ڈاکٹر سمیت 14 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں ۔
ضلع جموں کے علاقے جھجر کوٹلی میں ایک گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے ذرائع کے مطابق گاڑی بھارت کے شہر امرتسر سے جموں کے علاقے کٹرا کی طرف آرہی تھی جب ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔
ادھرضلع ڈوڈہ میں بٹوٹ کشتواڑ ہائی وے پر ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر 300فٹ گہرائی میں واقع رگی نالے میں گرنے سے ڈاکٹر وید پرکاش اور دوخواتین سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے ۔ ہلاک ہونیوالوں میں ڈاکٹر کا بھائی پرشاد ،رودا دیوی اور راج کماری بھی شامل ہیں۔
ایک اور حادثے میں وسطیٰ کشمیر کے ضلع گاندربل کے علاقے ہش نوش چنار میں بس کی ایک اسکوٹی سے ٹکرکے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اورایک اور زخمی ہو گئی۔
دریں اثناء جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے علاقے اچھہ بل میں ایک تیز رفتار گاڑی کی موٹر سائیکل سے ٹکر کے نتیجے میں گل محمد گنائی جاں بحق اوراسکے ساتھی محمد اشرف گنائی اور ماجد احمد گنائی زخمی ہو گئے ۔