سرینگر(نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سری نگر، پونچھ اور دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سری نگر کے علاقے بٹہ مالو میں بی جے پی حکومت کی جانب سے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے نام پر کشمیریوں کو لوٹنے کے مذموم اقدام کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شامل تھیں۔مظاہرین نے اس موقع پرذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب ایک فراڑ اور دھوکہ ہے اور وہ ان کے ذریعے آنے والے ناجائز بھاری بلات کی ادائیگی سے قاصر ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کوئی بھی شخص سمارٹ میٹر کے بل برداشت نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی متواتر لوڈ شیڈنگ کے باوجود بھاری بلات کی ادائیگی سراسر زیادتی ہے۔
دریں اثنا ضلع پونچھ کے علاقے منڈی سائکلو میں لوگوں نے شراب کی دکانیں کھولنے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ اپنے نوجوانوں کے لیے اسکول، کالج، کھیل کے میدان اور دیگر تمام سہولیات چاہتے ہیں لیکن بھارتی انتظامیہ یہاں شراب کی دکان کھول کر نوجوان نسل کواس کی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مقبوضہ کشمیر: مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مظاہرے
مناظر: 358 | 1 Jun 2023