سرینگر (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی صدر شمیمہ فردوس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے حقوق کی بحالی کی تحریک کی کامیابی کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شمیمہ فردوس میں سرینگر میں این سی خواتین ونگ کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں جمہوریت کی بحالی کے ساتھ ساتھ خصوصی مراعات کی واپسی کی جدوجہد اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق اور نظم و ضبط برقرار رکھ کر ہی لڑی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے عوام کی آواز کو تقسیم کرنے کے لیے بہت سی تنظیمیں اور خود ساختہ لیڈر سامنے آ رہے ہیں، لیکن کامیابی صرف اتحاد اور یک زبان ہو کر ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں ہمیں ان عناصر کو مسترد کرنا ہوگا جو مختلف حربوں کے ذریعے ہمیں گروپوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ شمیمہ نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور غیر یقینی کی صورتحال اور احساس محرومی سے جموںوکشمیر کے عوام خصوصا خواتین کو بری طرح متاثر ہوئی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ سیاسی اور سماجی مسائل نے خواتین کی زندگیوں پر تباہ کن اثرات مرتب کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی پرعزم، بہادر اور حوصلہ مند خواتین مختلف آزمائشوں اور مشکلات کے باوجودچیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔
کشمیری عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق برقراررکھنا ضروی ہے ، نیشنل کانفرنس
مناظر: 396 | 2 Jun 2023