اسلام آباد 05جون(نیوز ڈیسک ) امرناتھ یاتراکے نام پر ہر سال بڑی تعداد میں ہندو یاتریوں کی آمد سے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ماحولیات کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی کی ہندوتوا حکومت وادی کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میںیکم جولائی سے31اگست تک امرناتھ یاترا کے نام پربڑے پیمانے پرلوگوں کی نقل وحرکت کی اجازت دے کر ماحولیات کو درپیش خطرات کو نظر انداز کر رہی ہے۔یاترا62دن تک جاری رہے گی ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت اس دن کے پیغام کو نظر انداز کر رہی ہے کیونکہ لاکھوں ہندوئوں کو امرناتھ غار تک جانے کی اجازت دینے کا اس کافیصلہ علاقے میں ماحولیاتی تباہی کے مترادف ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں پہلے ہی ہزاروں بھارتی فوجی، پیراملٹری فورسز اور پولیس کے اہلکارموجود ہیں اور یاتریوں کی سکیورٹی کے نام پر مزید پیراملٹری فورسز کی کمپنیاں علاقے میں لائی جا رہی ہیں۔رپورٹ میں کہاگیا کہ بھارت کو آج عالمی یوم ماحولیات منانے کاکوئی حق نہیں ہے کیونکہ اس کے بڑے شہروں کو آلودگی کی تباہ کن صورتحال کا سامنا ہے اور اس کا دارالحکومت نئی دہلی دنیا کا سب سے آلودہ دارالحکومت ہے۔رپورٹ میں عالمی برادری سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ کشمیر کے نازک ماحولیات کو بچانے کے لیے یاترا کے دورانیے کے ساتھ ساتھ یاتریوں کی تعدادکو محدود کرنے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔