اسلام آباد (نیوز ڈیسک )شہرِ قائد کی سب سے بڑی اور دنیا بھر کی بہترین جامعات میں شمار ہونے والی جامعہ کراچی کے ’سلور جوبلی‘ گیٹ کی موجودگی کا مضحکہ خیز انکشاف پڑوسی ملک بھارت کے شہر دہلی کی ایک جامعہ میں ہوا ہے۔
کسی گیٹ کا ایک ملک سے دوسرے ملک منتقل ہوجانا اس قدر حیران کن ہے کہ اس خبر کو ممکن ماننا ہی انسانی عقل سے بالا تر ہے، لیکن اگر کسی بھی ناممکن بات میں بھارت کی شمولیت ہو تو پھر انسانی عقل پیچھے اور بھارتی عقل آگے نکل ہی جاتی ہے۔
دراصل حال ہی میں بھارت میں ایک ویب سیریز ’اسور 2، رائز آف دا ڈارک سائڈ‘ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دکھائی جا رہی ہے اور اس ویب سیریز کا انتظار لوگ بے صبری سے کر رہے تھے کیونکہ اس ویب سیریز کے 2020 میں ریلیز ہوئے پہلے سیزن نے عوام میں کافی مقبولیت حاصل کی تھی اور اس کے اختتام پر بقیہ کہانی کو اگلے سیزن کے لیے چھوڑ دیا گیا تھا۔
سائیکو تھریلر زمرے میں آنے والی اس ویب سیریز کے دوسرے سیزن کی چھٹی قسط میں 45 منٹ اور تین سیکنڈ پر دکھائے جانے والے ایک سین میں پاکستان کی مقبول ترین جامعہ کراچی کے مین گیٹ ’سلور جوبلی‘ کو دکھایا گیا ہے لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ گیٹ کے اوپر ’یونیورسٹی آف کراچی‘ لکھا ہونے کے بجائے ’نیشنل کالج آف انجنئیرنگ اینڈ سائنس‘ لکھا نظر آرہا ہے۔
علاوہ ازیں دورانِ قسط جب اس گیٹ کا ایرئیل ویو دکھایا گیا تو اپنی بات کی تصدیق کے لیے اسکرین پر ’این سی ای (نیشنل کالج آف انجنئیرنگ اینڈ سائنس) نیو دہلی بھی لکھا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
اس ویب سیریز کے اکثر دیکھنے والے اس بات سے لاعلم ہیں اور اس گیٹ کو نئی دہلی کی ہی جامعہ کا گیٹ سمجھ رہے ہیں جبکہ پاکستانی عوام اور خاص طور پر جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات نے یہ جھوٹ ایک جھٹکے میں ہی پکڑ لیا ہے۔
بات اگر اس ویب سیریز کے حوالے سے کی جائے تو اس میں بھارتی فلم انڈسٹری کے ’سرکٹ‘ یعنی ارشد وارثی اور اداکار برون سبوتی کی اداکاری کو لوگوں نے بے حد پسند کیا تھا اور ان دونوں اداکاروں نے اگلے سیزن میں بھی جلوہ گر ہوکر عوام کی ایک بڑی تعداد کو اپنی سیریز کی جانب دوبارہ مائل کرلیا ہے۔
’اسور‘ کے پہلے سیزن میں کہانی ایک خطرناک حیوان کے گرد گھومتی دکھی تھی جس کی برائی سے دنیا کو بچانا فلم کا پلاٹ تھا، اب ’اسور ٹو‘ میں دکھایا جا رہا ہے کہ دنیا میں ایک نیا اسور آگیا ہے جسکے خلاف ایک نئی جنگ شروع ہوتی دکھائی جارہی ہے۔
ویب سیریز میں کراچی یونیورسٹی کےگیٹ کو اپنا دکھانا مہنگا پڑا ، جھوٹ پکڑے جانے پر بھارت کی تذلیل
مناظر: 620 | 6 Jun 2023
