جموں (نیوز ڈیسک)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کو قتل کرنے کیلئے بھارتی فوج کی طرف سے قائم کی گئی قاتل ملیشیاء ویلج ڈیفنس گارڈز کے ارکان نے ضلع راجوری کے مختلف علاقوں میں فوجی کیمپوں میں ہتھیاروں اور فائرنگ کی تربیت حاصل کرنا شروع کر دی ہے۔
بھارتی فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ تربیتی کیمپ ضلع بھر میں ویلج ڈیفنس گارڈز کو ہتھیاروں کی خصوصی تربیت دینے کیلئے قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع راجوری کے متعدد مقامات پر تربیتی کیمپوں کا اہتمام کیاگیا ہے جہاں سینکڑوں ویلج دیفنس گارڈز ہتھیاروں کے استعمال اورفائرنگ کی تکنیکوںکی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ ولیج ڈیفنس گارڈزکو جو پہلے ویلج ڈیفنس کمیٹیوں کے نام سے مشہور تھے ،303رائفلزاور شاٹ گنز سے لیس ہیں۔ وی ڈی جی ایس بیشترہندوتوا تنظیموں آر ایس ایس، بی جے پی، بنجرنگ دل اور وی ایچ پی سے وابستہ ہیں۔ایک ولیج ڈیفنس گارڈ مدن موہن شرما نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع راجوری میں آزادی پسندوں کے خلاف ولیج ڈیفنس گارڈز کا اہم کردار ہے۔ ماضی میں قاتل گروپ کی طرف سے شہریوں پر حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وی ڈی جیز نے 2000 کے اوائل میں مقبوضہ علاقے میں آزادی پسند نوجوانوں کے خلاف کارروائیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ ایک اور وی ڈی جی ممبر کمل کشور شرمانے کہا کہ فوجی کیمپوں میں روزانہ کی بنیاد پرہمیں باقاعدہ تربیت دی جارہی ہے۔
ادھروادی چناب کے عوام جن میں بیشتر مسلمان ہیں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ضلع میں بھارتی فوج اور اس کی خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے ویلج ڈیفنس گارڈز کی بھرتی پر تشویش کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ وی ڈی جیز کے ارکان فرقہ پرست اور مسلم مخالف ہیں جنہوں نے 1990 کی دہائی میں سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو قتل کیا، مسلمانوں کی املاک کو تباہ اور خواتین کی عصمت دری کی۔
مقبوضہ کشمیر:قاتل ویلج ڈیفنس گارڈز کو بھارتی فوجی کیمپوں میں ہتھیاروں کی تربیت دینے کا انکشاف
مناظر: 207 | 7 Jun 2023