\
اتوار‬‮   23   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

بھارت اقلیتوں کیلئے جہنم بن گیا ، منی پور میں ہندو ہجوم نے 3سو سے زائد گرجا گھر تباہ کر دیے

       
مناظر: 338 | 8 Jun 2023  

 

امپھال (نیوز ڈیسک) شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں ہندو تو ا ہجوم نے 300 سے زیادہ گرجا گھر تباہ کر دیے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشتعل ہجوم نے گرجا گھر تباہ اور نذر آتش کیے۔ رواں ہفتے ایک ہجوم نے ایک ایمبولینس کو نذر آتش کیا جس کے نتیجے میں ایک خاتون، اس کا سات سالہ بیٹا اور ایک رشتہ دار ہلاک ہوگیا۔میتی بنیاد ی طور پر ہندو گروہ ہے جو آبادی کے لحاظ سے منی پور کا سب سے بڑا گروپ ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہا گیا کہ میتی برادری میں سے پانچ فیصد کے لگ بھگ لوگوں نے عیسائیت قبول کر لی ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق میتی سے عیسائی بننے والے لوگوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب ہو سکتی ہے۔عیسائیت اختیار کرنے والوں پر ہندو مذہب میں واپس آنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے ۔
یاد رہے کہ منی پور میں میتی(ہندو) اور کوکی(عیسائی) برادریوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ 3مئی کو شروع ہوا تھا۔جس کے نتیجے میں اب 98سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ریاست میں 35ہزارسے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں، جن میں سے بیشتر افراد اس وقت ریاست کے 315ریلیف کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں۔ دونوں برادریوں کے درمیان حالیہ تشدد کی فوری وجہ ہائی کورٹ کا ایک فیصلہ بنا جس میں میتی (ہندو) کو بھی شیڈول ٹرائب کا درجہ دینے کا حکم دیا گیا تھا جس سے انہیں جنگل کی ارضی تک رسائی ملے گی اور انہیں سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کا حق ملے گا۔اس اقدام سے کوکیوں(عیسائی)اور دیگر قبائلی برادریوں میں اپنی زمینوں سے محروم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔