اسلام آباد (نیوز ڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ 9 اور 10 جون کی درمیانی شب ہوا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان بھی شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانےکا پتہ لگایا۔ پاک فوج کے شہدا میں صوبیدار اصغرعلی، سپاہی نسیم خان اور سپاہی محمد زمان شامل ہیں، صوبیدار اصغرعلی شہید کی عمر 40 سال اور اس کا تعلق لکی مروت سے تھا، سپاہی نسیم خان شہیدکی عمر 26 سال اور اس کا تعلق بھی لکی مروت سے تھا، سپاہی محمد زمان شہید کی عمر 22 سال اور اس کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے شہید جوانوں نے دہشت گردوں کا جرات وبہادری سے مقابلہ کیا، علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے، پاکستانی مسلح افواج دہشت گردی کے ناسور کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرُعزم ہیں، بہادر جوانوں کی لازوال قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
میرانشاہ: دہشتگردوں سے فائرنگ کاتبادلہ، پاک فوج کے3 جوان شہید، 3 دہشتگرد بھی مارےگئے
مناظر: 623 | 11 Jun 2023