سرینگر 14جون (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شمالی کشمیر کے سوپور قصبے کے علاقے نگلی کے لوگوں نے پینے کے پانی کی عدم فراہمی پرمحکمہ پانی و بجلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ علاقے میں پانی کے بحران کے خلاف سینکڑوں خواتین احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں اورانہوں نے نگلی میں ترزو-سوپور روڈ بلاک کر دی۔ مظاہرین نے اس موقع پر قابض انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔جموں خطہ کے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ قصبے کے رہائشیوں بشمول خواتین نے بھی قصبے میں پانی کی عدم فراہمی پر محکمہ پانی و بجلی کے خلاف مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے سڑک بلاک کردی اور قابض انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قصبے کے لوگوں کو گزشتہ 10 دنوں سے پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے شدیدمشکلات کا سامنا ہے ۔
ادھر جموں کے ضلع ادھمپور کے علاقے چنانی میں ایک سڑک پر تعمیراتی کام کی انتہائی سست رفتاری سے پریشان لوگوں نے قابض انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے سڑک کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ۔