کٹھمنڈو ( نیوز ڈیسک ) نیپال نے بھارت کی 16 دوا ساز کمپنیوں کی ادویات کی درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ نیپال کی حکومت نے عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی وجہ سے بھارت کی سولہ دوا ساز کمپنیوں کی ادویات کی درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے ۔نیپال کے معروف اخبار ‘کٹھمنڈو پوسٹ’ کی ایک رپورٹ کے مطابق حکومت کے محکمہ ادویات نے بھارت کی 16 ان دوا ساز کمپنیوں کی فہرست جاری کی ہے جو ادویات کی تیاری کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کر رہی ہیں ۔ نیپال نے فہرست میں شامل کمپنیوں کی تیار کردہ ادویات درآمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ ادویات کے ترجمان نے کہاہے کہ بھارت کی ان فارماسیوٹیکل کمپنیوںجن کی ادویات نیپال درآمد کرتا ہے ، کے کارخانوں کا معائنہ کرنے کے بعد کمپنیوں کی ایک فہرست شائع کی گئی ہے جو عالمی صحت تنظیم کی جانب سے مقررہ کردہ مینوفیکچرنگ کے معیاری طریقہ کار پر عمل درآمد نہیں کر رہیں۔جن کمپنی کی ادویات پر نیپال نے پابندی عائد کی ہے ان میں وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی سمجھے جانے والے یوگا گرو بابا رام دیو کی کمپنی پتنجلی آیوروید بھی شامل ہے۔