مظفرآباد (نیوز ڈیسک ) آزادکشمیر سنٹر ل بورڈ آف ریونیو آزادکشمیر کی جانب سے تمام سگریٹ فیکٹریوں کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کے لیے یکم اگست2023تک کی ڈیڈ لائن دے دی گئی۔ بورڈ کی جانب سے تمام یونٹس کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ڈیڈ لائن پوری ہونے سے قبل اپنی فیکٹریوں میں مجوزہ لائسنس ہولڈر کی مشاورت سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ سے متعلقہ مشینری /ٹیکس اسٹیکرز کا اہتمام کریں بصورت دیگر سگریٹ کلیئرنس کو روک دیا جائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب ہونے پر متعلقہ یونٹ کو تحت ضابطہ سیل کر دیا جائے گا۔
چیئرمین سنٹرل بورڈ آف ریوینیو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں آزادکشمیر کے تمام سگریٹ یونٹس کو فیڈرل بورڈ آف ریوینیو حکومت پاکستان کی طرز پر اپنے یونٹس میں جدید ترین مانیٹرنگ سسٹم (Track & Trace System) کے نفاذ کی بابت سنٹرل بورڈ آف ریوینیو کی جانب سے تحریری مکتوب جاری کیا گیا ہے اور تمام یونٹس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ یکم اگست 2023تک اپنے یونٹس میں مجاز لائسنس ہولڈر کمپنی میسرز AJCL Miltas Authentixکی مشاورت سے جدید ترین مینوئل /خودکاراپلیکیٹرزمعہ ٹیکس اسٹیکرز /سٹیمپس کی تنصیب کو لازم بنائیں بصورت دیگر نہ صرف ان کی کلیئرنس کو روک دیا جائے گا بلکہ قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے متعلقہ یونٹ کے تحت ضابطہ سیل بھی کر دیا جائے گا۔ ترجمان بورڈ کے مطابق قبل ازیں 14اپریل 2023کو آزادجموں وکشمیر کے سگریٹ مینوفیکچررز اور ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں کے مابین تمباکو کو سیکٹر میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کے حوالہ سے معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔ بعد ازاں خصوصی انتظامات کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریونیو، GoP، اسلام آباد کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آ ف ڈیجیٹل انیشی ایٹو(ان لینڈریونیو) فیڈرل بورڈ آ ف ریونیو، اسلام آباد کے افسران پر مشتمل ایک ٹیم نے مجاز لائسنس یافتہ یعنی میسرز AJCL Mitas Authentix inc.اسلام آباد کے ہمراہ 31مئی 2023کو آزادکشمیر کے تمام سگریٹ مینو فیکچررز کا ذاتی طور پر دورہ بھی کیا۔ ان اقدامات کے نتیجے میں تمام سگریٹ مینو فیکچررز پابند ہیں کہ وہ متعلقہ لائسنس یافتہ کمپنی سے مشاورت کر کے اپنے یونٹس میں ٹریک اینڈ ٹریس سے متعلقہ مشینری کی تنصیب کو یقینی بنائیں اور اسی پس منظر میں AJ&Kکے تمام سگریٹ مینو فیکچررز کو یکم اگست 2023تک ٹائم فریم دیا گیا ہے۔ ترجمان بورڈ نے مزید بتایا کہ آزادکشمیر میں واقع سگریٹ یونٹس کی پیداوار اور سگریٹ کی ترسیل کے نظام کو ایف بی آر کے طریقہ کار پر استوار کرنے کے لیے تمام تر قانونی لوازمات پورے کیے جائیں گے اور قانون کی بالا دستی کو قائم رکھا جائے گا۔ دی گئی ڈیڈ لائن کے ختم ہونے پر آزادکشمیر کے کسی بھی سگریٹ یونٹس سے سگریٹ کی ترسیل کی اجازت نہ ہو گی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے تمام سگریٹ ساز کمپنیوں کو ہدایا ت جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ جدید ترین ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کی بابت تمام تر انتظامات کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کریں۔ بعد ازاں اس حوالہ سے کوئی بھی عذر قابل قبول نہ ہو گا اور حکام محکمہ ان لینڈ ریونیو کی جانب سے قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو متعلقہ سگریٹ یونٹ کی بندش پہ بھی منتج ہو سکتی ہے۔۔۔۔
آزاد کشمیر سنٹرل بورڈ آف ریونیو آزاد کشمیر کی سگریٹ فیکٹریوں کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کیلئے یکم اگست تک کی ڈیڈ لائن
مناظر: 830 | 16 Jun 2023