اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، کوچ اور لیجنڈری بیٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے کرکٹ اور بھارت دونوں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں جاوید میانداد نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر سخت الفاظ میں تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کے حالات ہیں اور خاص طور پر نریندر مودی نے تو کرکٹ اور بھارت دونوں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ لیجنڈری بیٹر نے مزید کہا کہ مودی ایک انتہا پسند شخص ہے اور ایک وقت آئے گا کہ بھارت کے اپنے لوگ اسے ماریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم ایک بالکل الگ سمت میں جا رہے ہیں۔ آپ اپنے پڑوسی کیسے بدل سکتے ہیں اور اپنے پڑوسی کو کیسے ختم کر سکتے ہیں؟ جاوید میانداد نے یہ بھی کہا کہ کھیل تو وہ چیز ہے جو برائیوں سے بچاتی ہے اور دو ممالک کو ملاتی ہے، اس سے آپس میں تعلقات بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تو آپ کی طرف ہاتھ بڑھانا چاہتے ہیں آپ بھی آئیں اور ہماری طرف ہاتھ بڑھائیں۔ سابق کپتان نے کہا کہ بھارتی حکومت ہم سے بات کرے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں اور کھیلوں کو فروغ ملے۔اُن کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے لیکن بھارت پاکستان آنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ جاوید میانداد نے کہا کہ اگر میں ہوتا تو میں بھارت جاکر کھیلنے سے فوری طور پر انکار کر دیتا۔ انہوں نے کہا کہ میرا تو اس معاملے میں بڑا واضح مؤقف ہے کہ جب تک بھارت ہمارے ملک میں آکر نہیں کھیلتا تو ہمیں بھی بھارت نہیں جانا چاہیے۔ سابق کوچ نے کہا کہ ہماری کرکٹ ان سے بہت اچھی اور زبردست ہے، وہ نہیں آتے تو بھاڑ میں جائیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ان کے نہ آنے کے باوجود ہمارے پاس بہترین کرکٹر پیدا ہو رہے ہیں، ہمارے کھلاڑیوں کا دنیا میں نام ہے۔ جاوید میانداد نے ماضی کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت میں پہلے کھیل کر آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلے یہی معاملہ ہوتا تھا کہ ایک مرتبہ بھارتی ٹیم پاکستان آتی تھی اور ایک مرتبہ ہم وہاں کھیلنے جاتے تھے۔