جموں19جون (نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے ورکنگ صدر رمن بھلہ نے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو مکمل طورپرمایوس کیاہے کیونکہ علاقے میں باہر کے لوگ حکمرانی کررہے ہیں اور مقامی لوگوں کا روزگارچھینا گیا ہے۔
رمن بھلہ نے جموں کے علاقے بشنہ میں لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہے اور جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لوگوں کے حقوق اور علاقے کی ریاستی حیثیت چھین لی اور اس کے بعد سے باہر کے لوگ جموں و کشمیر پر حکمرانی کر رہے ہیں جبکہ انتظامیہ لوگوں کے مسائل حل نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگ نوکریوں سے محروم ہو رہے ہیں اور جموں و کشمیر خاص طور پر جموں میںسب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔رمن بھلہ نے اپنی بقا کی جنگ لڑ نے والے کمزور طبقوں کی پنشن جاری کرنے میں ناکامی پر بھی قابض حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پوری تجارت باہر کے لوگوں کے کنٹرول میں ہے اور لوگوں کے مسائل سننے والا کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے غریب عوام کی حالت زار پر بھی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں غریب لوگوں کی زمینیں چھینی جا رہی ہیں اور ان کے مسائل سننے والا کوئی نہیں ہے۔
مقبوضہ کشمیرمیں مقامی لوگوں کا روزگار چھین کر باہر کے لوگ حکمرانی کر رہے ہیں: کانگریس
مناظر: 782 | 19 Jun 2023