سرینگر19جون (نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی ہائی کورٹ نے حال ہی میں محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا جاوید کی درخواست پر ایک نوٹس جاری کیا ، درخواست میں مشروط پاسپورٹ کے اجرا کو چیلنج کیا گیا ہے جس کے تحت ان کے بیرون ملک سفر کے دائرہ کار کو محدودکیاگیا ہے۔
پاسپورٹ حکام کی تجویز کردہ شرط کے مطابق وہ اپنی اعلیٰ تعلیم کے لئے صرف متحدہ عرب امارات کا سفر کر سکتی ہے۔التجا نے اس شرط کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا اور پاسپورٹ کی معیاد کی مدت پربھی اعتراض کیا جو کہ 2سال (اپریل 2025 تک)کے لیے ہے جبکہ پاسپورٹ کی مدت عام طور پر 10سال ہوتی ہے۔جسٹس سنجے دھر نے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتے کے اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت کی۔بھارت کے ڈپٹی سالیسٹر جنرل ٹی ایم شمسی حاضر ہوئے اور حکومت کی جانب سے نوٹس موصول کیا۔ التجامفتی نے اپنی درخواست میں پاسپورٹ میں شامل ایک شق کو چیلنج کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاسپورٹ صرف متحدہ عرب امارات کے سفر کے لیے مخصوص ہے۔درخواست میں کہاگیا ہے کہ بیرون ملک سفر کرنے کا حق، زندگی اور آزادی کے حق میں شامل ہے جس کی ضمانت آئین کے آرٹیکل 21میںدی گئی ہے۔ اس حق کو قانون کے قائم کردہ طریقہ کار کے بغیر ختم نہیں کیا جا سکتا۔