\
اتوار‬‮   23   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

منی پور میں تشدد کا سلسلہ بدستور جاری، بی جے پی حکومت کو کڑی تنقید کا سامنا

       
مناظر: 561 | 22 Jun 2023  

 

امپھال 22 جون (نیوز ڈیسک )بھارتی ریاست منی پور میں تین مئی سے جاری تشدد میں کسی طرح کی کمی دیکھنے میں نہیں آرہی ۔ فائرنگ ، مار دھاڑ اور آتشزدگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکومت نے کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے تعلیمی ادارے یکم جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ انٹرنیٹ پر عائد پابندی میں بھی 25جون تک توسیع کی گئی ہے۔ تشدد کیوجہ سے منی پور کے کئی اضلاع میں اب بھی کرفیو نافذ ہے ۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہا گیا کہ ریاست کے کئی علاقوں میں بدھ کے روز بھی فائرنگ اور جلاگھیراؤ کے متعدد واقعات پیش آئے۔ گزشتہ ماہ(مئی) کی تین تاریخ سے جاری تشدد کی وجہ سے اب تک ڈیڑھ سو کے قریب لوگ ہلاک ہو چکے ہیں ۔ایک لاکھ کے لگ بھگ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ انٹرنیٹ تین مئی سے بند ہے جس کی معطلی میں اب 25جون تک توسیع کی گئی ۔
حزب اختلاف کی بھارتی جماعتیں کانگریس اور دیگر منی پور کے مسئلے پر حکمران جماعت بی جے پی کو مسلسل آڑھے ہاتھوں لے رہی ہیں۔ وہ منی پور کے مسئلے پر وزیر اعظم مودی کی خاموش کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں ۔ کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی نے ایک بیان میں کہا کہ منی پور کو قریباً پچاس روز سے انسانی المیے کا سامنا ہے اور غیر معمولی تشدد نے لوگوں کی زندگیوں کو تہس نہس کرکے رکھ دیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں ہزاروں خاندان برباد ہو چکے ہیں جس سے ملک کے ضمیر کو گہرا زخم لگا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ لوگ گھروں سے بھاگنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔