سرینگر (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے گزشتہ چھ ماہ سے خصوصی افراد کی ماہانہ پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایسوسی ایشن کے سینکڑوں ارکان نے پریس انکلیو سرینگر میں اکھٹے ہو کر عدم ادائیگی پرمحکمہ سماجی بہبود اور قابض انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشید نے احتجاج کی قیادت کی ۔انہوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ جسمانی طور پر معذور افراد کوتمام تر ضروری دستاویزات جمع کرانے کے باوجودگزشتہ چھ ماہ سے پنشن ادا نہیں کر رہی ہے ۔انہوں نے دستاویزات جمع کرانے کے عمل کے دوران معذور افراد کو درپیش مسائل کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ ابتدائی طور پرقابض حکام نے انہیںآن لائن دستاویز جمع کرانے پر اصرار کیا، جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ۔ اب وہ دعویٰ کررہے ہیں کہ بعض دستاویزات میں مسائل ہیں،جس کی وجہ سے انہیں پنشن ادا نہیں کی جارہی ہے ۔عبدالرشید نے خصوصی افراد کو درپیش مشکلات پر غور کیے بغیر انکی معمولی پنشن روکنے پر قابض حکام پرکڑی تنقید کی۔انہوں نے کہاکہ عید کے موقع پر خصوصی افراد کی پنشن روک دی گئی ہے تو وہ عید کی خوشیاں کیسے منائیں گے؟
مقبوضہ کشمیر:پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف خصوصی افراد کا احتجاجی مظاہرہ
مناظر: 928 | 23 Jun 2023