سرینگر02جولائی(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں کشمیری پنڈت رہنما سمپت پرکاش کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
85سالہ سمپت پرکاش جو کشمیر کے سب سے ممتاز اور قابل احترام ٹریڈ یونینسٹ تھے، گزشتہ روزسرینگر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے سرینگر کے علاقے ہارون میں پنڈت رہنما کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ حریت رہنمائوں نے اس موقع پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی قیدیوں کی حالت زارکے خلاف آواز بلندکرنے پر آنجہانی رہنماکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔حریت رہنمائوں سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس اور عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ سمپت پرکاش مقبوضہ جموں و کشمیر میں مذہبی رواداری کی علامت اور داعی تھے اور ان کی موت سے سیاست اور مذہبی رواداری کے ماحول میں ایک خلاء پیدا ہوا ہے۔ .انہوں نے سوگوار لواحقین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے بھی اسلام آباد میں ایک بیان میں سوگوار خاندان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سمپت پرکاش نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ٹریڈ یونین کی سرگرمیاں شروع کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔