اسلام آباد05جولائی(نیوز ڈیسک ) کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر تحریک مزاحمت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی زمینی صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی بھارتی کوششوں کو شرمناک قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک مزاحمت کے قائم مقام چیئرمین محمد سلیم زرگر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے اپنی استعماری انا کی تسکین اور اپنے غیر قانونی اور جھوٹے بیانیے کو پروان چڑھانے کے لیے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مختلف تقریبات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں جی 20اجلاس اور اب ججوں کی کانفرنس جیسی تقریبات کا انعقاد جموں و کشمیر کی سرزمین اور لوگوں کے بارے میں بھارت کے مذموم عزائم کی عکاسی کرتے ہیں۔محمد سلیم زرگر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بارے غیر قانونی اور غیر اخلاقی موقف چھپانے کی بھارتی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام کوششیں بے سود اور نقصان دہ ثابت ہوں گی کیونکہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے اور دنیا اس کو متعلقہ بین الاقوامی وعدوں کے مطابق حل کرنے کی کشمیریوں کی خواہشات کو جانتی اور تسلیم کرتی ہے۔