سرینگر06 جولائی (نیوز ڈیسک ) ایک ایسے وقت میں جب نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں فرقہ وارانہ فساد کو ہوا دینے پر تلی ہوئی ہے، کشمیری مسلمان علاقے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی بھائی چارے کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ مقبوضہ علاقے میںجاری ہندوؤں کی سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران خوب دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ کشمیری مسلمان بھارت کے مختلف حصوں سے آنے والے ہزاروں ہندر یاتریوں کو نہ صرف خوش آمدید کہہ رہے ہیں بلکہ انہیں ہرطرح کی مدد بھی فراہم کر رہے ہیں۔ یاترا کے پر امن انعقاد میں مسلمان اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، وہ یاتریوں کیلئے خیمے نصب کرتے ہیں ، انہیں امرناتھ غار تک پہنچنے کیلئے پالکیاں، گھوڑے اور خچر فراہم کرتے ہیں ۔
ایک ہندو یاتری سادھو ناگراج نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ کشمری مسلمان ہمارے لیے تمام ضروری انتظامات کرتے ہیں اور تمام مطلوبہ اشیاءبہم پہنچاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا بھائی چارہ جو آج تک مجھے پورے بھارت میں کہیں اور دیکھنے کو نہیں ملا ہے۔
ایک مقامی شخص جو یاتریوں کے سامان کی دیکھ بھال کا کام کرتا ہے نے بتایا “ہم یہاں یاتریوں کے لیے آتے ہیں اور ان کے تمام سامان کی دیکھ بھال کرتے ہیں، یہ ہمارا بھائی چارہ ہے، ہم کشمیریت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
ایک اور ہندو یاتری نے کہا کہ مقامی لوگ یاترا کو کامیاب بنانے کیلئے ہر طرح کی مدد اور تعاون دے رہے ہیں۔