\
اتوار‬‮   23   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

منی پور میں جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ جاری، خاتون کو گولی مار دی گئی

       
مناظر: 913 | 6 Jul 2023  

 

امپھال 6 جولائی (نیوز ڈیسک ) شمال مشرقی بھارتی ریاست منی پور میں جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ ایک تازہ ترین واقعے میں مسلح افراد نے ایک خاتون کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلح افراد نے خاتون کو آج( جمعرات) کو امپھال ویسٹ میں ایک سکول کے باہر قتل کیا۔ واقعے سے علاقے میں مزید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جہاں ایک روز قبل ہی دوبارہ سکول کھلے تھے۔
حکام نے بتایا کہ تشدد کے ایک اور واقعے میں ضلع تھوبل میں ایک ہجوم نے انڈین ریزرو بٹالین (آئی آر بی) کے اہلکار کے گھر کو اس وقت آگ لگا دی جب اس نے پولیس کے اسلحہ خانے سے آتشیں اسلحہ لوٹنے کی فسادیوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔
دریں اثنا ریاستی حکومت نے انٹرنیٹ بندش میں دس جولائی تک توسیع کر دی ہے ۔ منی پور میں انٹرنیٹ سروس تین مئی سے بند ہے جب ریاست میں متی (ہندو) اور کوکی( عیسائی) برادریوں کے درمیان ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔ہنگاموں کے دوران اب تک سو سے زائد افراد ہلاک جبکہ ہزاروں بے گھر ہوچکے ہیں ۔