سرینگر09جولائی(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں شدید بارشوں کے بعد رامبن میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے سرینگر جموں ہائی وے بند ہو گئی ہے جبکہ ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں سیلابی نالے میں دو بھارتی فوجی ڈوب کر ہلاک گئے۔
جموں، سرینگر، نگروٹہ، کٹرا ، ادھم پور بائی پاس، چنانی، ناشری، کدھ، چندر کوٹ، رامبن، بانہال اور قاضی گنڈ سمیت مختلف مقامات پر 3000سے زائد گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ تقریبا 5000یاتریوں کو لے جانے والی گاڑیوں کا ایک قافلہ بھی چندر کوٹ میں پھنسا ہوا ہے۔ پونچھ سے موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں پوشانہ کے قریب ایک نالے میں دو بھاتی فوجی ڈوب کر ہلاک گئے۔ بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش ہورہی تھی اور بھارتی فوجی پوشانہ میں نالہ عبور کر رہے تھے۔ اچانک پانی کی سطح بلند ہونے لگی اور فوجی نالے میں بہہ گئے۔ بعد میں ان کی شناخت نائب صوبیدار کلدیپ راج اور سپاہی تیلو رام کے طور پر ہوئی ہے۔