جموں (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اجے کمار سدھوترا نے مودی حکومت کی طرف سے بے گھرلوگوں کوزمینیں فراہم کرنے کے نام پر مقبوضہ علاقے کی زمین کو غیر کشمیری ہندوئوں میں تقسیم کرنے کے منصوبے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجے کمار سدھوترہ نے ضلع سانبہ علاقے شاہ بدولے میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو نام نہاد پی ایم آواس یوجنا کی آڑ میں جموں و کشمیر میںغیر کشمیریوں کو آباد کیے جانے پر شدید غم وغصہ ہے ۔اس موقع پرنیشنل کانفرنس جموں کے رہنما سرجیت سنگھ نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے پشتنی باشند ے اپنی زمینوں اور ملازمتوں کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گریں گے اور زمین غیر کشمیریوںکو دینے کے مودی حکومت کے منصوبے کے خلاف ہر ممکن مزاحمت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ غیر کشمیری باشندوں کو مقبوضہ علاقے میں زمینیں اور ملازمتیں فراہم کرنے کی کسی بھی مذموم کوشش کے خلاف جمہوری اور پرامن طریقے سے مزاحمت کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدام کا خمیازہ بالآخر کشمیری عوام کو بھگتنا پڑے گا ۔ مقبوضہ علاقے میں مقامی تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگارہیں اوران کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ۔