سرینگر15جولائی(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ دو دنوں میں پانچ ہندو امرناتھ یاتریوں کی موت ہو گئی جس سے رواں سال اب تک مرنے والے امرناتھ یاتریوں کی تعداد 24ہو گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام نے بتایا کہ مرنے والے پانچ یاتریوں میں ایک سادھو اور یاترا ڈیوٹی پر تعینات انڈو تبتین بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی)کا ایک افسر بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی بلندی پر آکسیجن کی کمی کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنا امرناتھ یاتریوں اور وہاں تعینات بھارتی فورسز اہلکاروں کی موت کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔ جنوبی کشمیر میں سطح سمندر سے 3,888میٹر بلندی پر ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں واقع امرناتھ غار کی 62روزہ سالانہ ہندو یاترا یکم جولائی کو ضلع اسلام آباد کے علاقے پہلگام اورضلع گاندربل کے علاقے بال تل کے دو راستوں سے شروع ہوئی تھی جو 31اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔