اسلام آباد19جولائی(نیوز ڈیسک ) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مابق کشمیریوںکو انکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلوائے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قمر زمان کائرہ نے یوم الحاق پاکستان کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میںکہا کہ کشمیریوں نے 76 سال قبل سرینگر میں جموںو کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی امنگوں کی عکاس اس قرارداد نے پاکستان اور کشمیر کے رشتوں کو اور مضبوط کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام اپنے شہدا کی سبز ہلالی پرچم میں تدفین کرتے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مرحوم سید علی گیلانی کے الفاظ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے پاکستان سے لازوال رشتوں کے عکاس ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری نوجوان اپنی جانوں کی پراہ کیے بغیر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں،کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی گلی چوراہوں پر پاکستانی پرچم لہراتے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بھارت تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان اور کشمیر کے باہمی رشتوں کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے اورعالمی برادری اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوائے۔
عالمی برادری اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے،قمر زمان کائرہ
مناظر: 854 | 19 Jul 2023