سرینگر21 جولائی (نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فوج کی نقل و حرکت کو بہتر بنانے کیلئے نئی 4X4گاڑیوں کی پہلی کھیپ فوج کے حوالے کی گئی ہے جو ٹویوٹا ہائی لکس مائونٹین آف روڈ وہیکلز اور مہندرا اسکارپیو لائٹ یوٹیلیٹی وہیکلز پر مشتمل ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرانی گاڑیوں کو مقامی ساختہ ٹاٹا سفاری گاڑیوں سے تبدیل کئے جانے اور کنٹرول حالات میں دو ماہ تک جانچ کے بعد ٹویوٹا ہائی لکس مائونٹین آف روڈ وہیکلزکی پہلی کھیپ بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ کے حوالے کی گئی ہے ۔بھارتی حکام کے مطابق ٹویوٹا ہائی ِلکس کو بھارتی فوج کی شمالی کمان نے 2 ماہ سے زائد عرصے تک 13ہزار فٹ بلند پہاڑی علاقوں میں شدید موسمی صورتحال اور دشوار گزار راستوں پراس کے استعمال کی سخت جانچ کی ہے ۔ اس سے قبل بھارتی فوج نے رواں سال جنوری میں مہندرا اینڈ مہندرا کمپنی کو ایک ہزار470ر مہندرا اسکارپیو لائٹ یوٹیلیٹی وہیکلزکی فراہمی کا ٹینڈر جاری کیاتھا جس پر کمپنی نے گزشتہ ہفتے مشہور اسکارپیووہیکلز کی بڑی تعداد فوج کے حوالے کی ہے۔