سرینگر یکم دسمبر (نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے اسرائیلی فلم ساز ناداف لاپیڈ کی طرف سے متنازعہ فلم ‘دی کشمیر فائلز’ پر تنقید کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت میں اب سفارتخانوں کے ذریعے سچ کو دبایا جاتا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ متنازعہ فلم حکمران ہندوتوا پارٹی کی طرف سے مسلمانوں خصوصا کشمیریوں کوبدنام کرنے کیلئے شرمناک پروپیگنڈہ پر مبنی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بالآخرکسی شخص نے کشمیر فائلز پر تنقید کی ہے جس کے ذریعے حکمران جماعت بی جے پی نے کشمیری مسلمانوں کے خلاف پردپیگنڈہ کر کے انہیں بدنام کرنے اور کشمیری پنڈتوں اور مسلمانوںکے درمیان مزید خلیج پیدا کرنے کی سازش کی ہے ۔
واضح رہے کہ اسرائلی کے مشہور فلم ساز ناداف لاپیڈ نے بھارت کے 53ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں متنازعہ فلم دی کشمیر فائلز پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے پروپیگنڈہ اور بے ہودہ فلم قراردیاتھا۔ اسرائیلی فلم ساز فیسٹیول کی جیوری کے سربراہ تھے اور انکی طرف سے متنازعہ فلم پر تنقید کے بعد ہندوتوا بریگیڈ نے انکے خلاف بھارت بھر میں الیکٹرانک اور سوشل میڈیا میںذہر افشانی شروع کر دی تھی۔
محبوبہ مفتی کی طرف سے اسرائیلی فلم ساز کی متنازعہ فلم” دی کشمیر فائلز ”پر تنقید کا دفاع
مناظر: 840 | 1 Dec 2022