سری نگر، 22 جولائی (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں لوگ بھارتی فورسز کی طر ف سے بڑے پیمانے پر جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کیوجہ سے مسلسل خوف و دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔
سری نگر، کپواڑہ، بارہمولہ، گاندربل، بانڈی پور، اسلام آباد، شوپیاں، پلوامہ، کولگام، پونچھ، راجوری، سانبہ اور کٹھوعہ کے اضلاع میں بھارتی فوجیوں ، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی کا بلاجواز سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جسکی وجہ سے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں اور وہ خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں ۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ بھارتی فورسز اہلکاروں نے انکی زندگی جہنم بنا دی ہے ، وہ گھروںمیں گھس کر مکینوں کو ہراساں کرتے ہیں اور قیمتی گھریلو اشیاءکی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔
دریں اثنا، بھارتی فوجیوں اور پولیس نے ایک ہفتے کے دوران پرتشدد کارروائیوں کے دوران کم از کم 9 افراد کو شہید اور درجنوں کو جعلی الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے۔ گرفتار کیے گئے افراد میں سے متعدد کے خلاف کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
بھارتی فورسز کے مسلسل محاصروں ، تلاشی کی کارروائیوں نے کشمیریوں کا جینا دو بھر کررکھا ہے
مناظر: 303 | 22 Jul 2023