بیجنگ ( نیوز ڈیسک ) چینی حکومت کی جانب سے وزیر خارجہ کن گینگ کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ ان کے پیشرو وانگ یی کو تعینات کر دیا گیا ۔ چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق کن گینگ کو عہدے سے ہٹانے کے بعد چین کی اعلیٰ مقننہ کے اجلاس میں وانگ یی کو وزیر خارجہ مقرر کرنے کے حق میں ووٹ دیا گیا۔ خیال رہے کہ کن گینگ کو عہدے سے ہٹائے جانے کا اعلان ان کے آخری عوامی ظہور کے ایک ماہ بعد کیا گیا ۔ ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے کن کو ہٹانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ 57 سالہ کن کو گزشتہ سال دسمبر میں وزیر خارجہ بنایا گیا تھا اور انہیں رواں سال 25 جون کے بعد سے عوامی سطح پر نہیں دیکھا گیا، وہ چینی حکومت کے مشہور ترین چہروں میں سے ایک تھے اور ان کی طویل غیر حاضری کو نہ صرف سفارت کاروں اور چین کے نگرانوں نے بلکہ عام چینی لوگوں نے بھی جانچا تھا۔ کن چینی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں میں سے ایک ہیں جو اتنے طویل عرصے سے غیر حاضر رہے۔ انہوں نے 1980 کی دہائی کے آخر سے چینی حکومت میں خدمات انجام دی ہیں جن میں سے زیادہ تر امور خارجہ سے متعلق ہیں، انہیں چینی صدر شی جن پنگ کا قریبی ساتھی بھی سمجھا جاتا تھا اور سی سی پی کے اندر ایک ابھرتے ہوئے ستارے کے طور پر بھی دیکھا جاتا تھا۔
چینی وزیر خارجہ کن گینگ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، وانگ یی کی واپسی
مناظر: 434 | 26 Jul 2023