سرینگر (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمرفاروق کی رہائی اور انہیں جامع مسجد سرینگر میں نماز ادا کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
عمر عبداللہ نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے برسہا برس کے بعد محرم الحرام کے جلوسوں کی اجازت دے دی ہے جو ایک خوش آئند بات ہے تاہم اسے میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں نظر بندی بھی ختم کر کے انہیں جامع مسجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔انہوںنے کہا کہ میر واعظ عمر فاروق ایک مذہبی رہنما ہیں لہذا انہیں رہا کیا جانا چاہیے۔