فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد عثمان اکرم گوندل نے گرلز ہاسٹل پر غیرقانونی چھاپہ مارنے والے ایس ایچ او گلبرگ کو معطل کر دیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق یہ گرلز ہاسٹل میڈم صائمہ کنول نامی ایک خاتون چلاتی ہیں جنہوں نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے ایس ایچ او راجا احسان پر غیرقانونی چھاپے کا الزام عائد کیا۔
میڈم صائمہ کنول نے فیصل آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ” ایس ایچ او راجا احسان نے23جولائی کی رات اپنے مرد کانسٹیبلز کے ہمراہ بغیر کسی قانونی جواز یا وارنٹ کے چھاپہ مارا۔ ان کے ساتھ کوئی لیڈی کانسٹیبل بھی نہیں تھی۔
میڈم صائمہ نے بتایا کہ راجا احسان اور اس کے سپاہیوں نے ہاسٹل میں لڑکیوں کو ہراساں کیا اور ان کے ساتھ انتہائی ہتک آمیز سلوک کیا۔ انہوں نے کئی لڑکیوں کو حراست میں لے کر کافی دیر تک پولیس وین میں بٹھائے رکھا۔ وہاں لڑکیوں کی ویڈیوز بنائی گئیں اور سادہ کاغذات پر ان سے دستخط کروائے گئے۔سی پی او نے ان الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے راجا احسان کو معطل کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
فیصل آباد :لڑکیوں کے ہاسٹل پر چھاپہ مارنے کا ’شوق‘ پنجاب پولیس کے تھانیدار کو لے ڈوبا
مناظر: 607 | 31 Jul 2023
