سرینگر (نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کی فوری رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ہزاروں کشمیری جھوٹے الزامات کے تحت مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں قید ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور قتل و غارت گری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکار مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجی ترقیوں اور انعامات کیلئے نہتے کشمیریوں کوبے دریغ قتل کر رہے ہیں۔حریت ترجمان نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار کا خود جائزہ لینے ایک مشترکہ ٹیم مقبوضہ کشمیر بھیجیں ۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کے ساتھ بامعنی مذاکراتی عمل شروع کرے اورکہا کہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام قائم نہیں ہو سکتا ۔
اقوام متحدہ کشمیری نظربندوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کرے ، کل جماعتی حریت کانفرنس
مناظر: 247 | 1 Dec 2022