سرینگر31جولائی(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموں و کشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیونیدر سنگھ بہل نے کہا ہے کہ 5اگست 2019 کو نریندر مودی کی فسطائی حکومت نے تمام بین الاقوامی قوانین روندکر کشمیریوں کے حقوق سلب کرلئے ۔
دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی حکومت نے صرف کشمیری عوام کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالا بلکہ اس نے بھارت میں بسنے والے تمام اقلیتوں کے حقوق بھی سلب کررکھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح مودی حکومت نے کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کیلئے 5اگست 2019 کوبین الاقوامی قوانین کو روند ڈالا ،اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مظلوم کشمیریوں کو دبانے کیلئے جموں و کشمیر میں دس لاکھ سے زائد مسلح فوجیوں کو تعینات کرکے دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے جس سے واضح ہوتاہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ دراصل بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنی جنگ ہار چکا ہے۔ بھارتی حکومت نے کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے اپنے ہی آئین اور عالمی قوانین کو روندتے ہوئے 5اگست 2019کو کشمیری عوام کے حقوق پرشب خون مارا جس کو نہ کشمیری عوام نے اور نہ ہی عالمی برادری نے تسلیم کیا ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ کشمیری عوام 5اگست کو مسئلہ کشمیر کے حل تک یوم سیاہ کے طورپر مناتے رہیں گے۔ حریت رہنما نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اہم فریق ہے اور وہ علاقے میں امن کیلئے اس مسئلے کا منصفانہ حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔
دریں اثناء جموں و کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ نے کہاہے کہ بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیری عوام پر طرح طرح کے مظالم ڈھائے لیکن وہ تحریک آزادی کشمیر کو ختم کرنے میں مکمل ناکام رہا ہے ۔ پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے ترجمان عمر مغل نے جموں سے ایک جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام بھارت سے صرف اورصرف آزدای چاہتی ہے جس کے لیے لاکھوں شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت سے آزادی تک شہداء کے مشن کو جاری رکھاجائے گا۔
مودی حکومت نے بین الاقوامی قوانین روند کر کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کرلئے: دیویندر سنگھ
مناظر: 719 | 31 Jul 2023