سرینگر 03 اگست (نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ بھارت مسلسل محاصرے، وحشیانہ مظالم ، اوچھے ہتھکنڈوں اور گھناؤنی سازشوں کے ذریعے حق پر مبنی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کی بے مثال ثابت قدمی، استقامت اور بہادری نے ثابت کیا ہے کہ ان کا جذبہ آزادی ناقابل تسخیر ہے۔انہوں نے 5اگست کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں مکمل ہڑتال اور دنیا بھر میں بھارت مخالف مظاہروں ، ریلیوں کی کال کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت بھارت اور عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دینے کا ہے کہ کشمیری غلامی پر موت کو ترجیح دیں گے اور وہ اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔غلام احمد گلزار نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کیخلاف مذموم بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنے اندر اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔انہوںنے کہا کہ 5 اگست کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے جس کے کشمیریوں کی زندگیوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں، بھارت نے 370 اور 35-اے کی دفعات کی منسوخی کے بعد سے کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر لیے ہیں۔
غلام احمد گلزار نے کہا کہ دس لاکھ سے زائد خونخوار بھارتی فوجی کشمیریوں کی منظم نسل کشی میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5اگست 2019سے سینکڑوں کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا ہے ،ہزاروں بے گناہ کشمیری من گھڑت الزامات کے تحت بھارتی جیلوں میں بند ہیں، ہزاروں افراد کو معذور کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کی اراضی، وسائل اور روزگار سے محروم کیا جا رہا ہے،ان کے گھر اور دیگر جائیدادیں ضبط کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے ہزاروں غیر ریاستی ہندووں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دیے گئے ہیں ۔غلام احمد گلزار نے مہذب دنیا پر زور دیا کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کر کے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے موثر اقدامات کرے اور بھارت کو کشمیر میں اپنا ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنے سے باز رکھے۔
غلام احمد گلزار نے عالمی سطح پر کشمیر کاز کی آواز اٹھانے پر بیرون ممالک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ۔
بھارت کشمیریوں کو فوجی طاقت کے ذریعے ہرگز زیر نہیں کرسکتا، غلام احمد گلزار
مناظر: 818 | 3 Aug 2023